محمد عامر ایک پاکستانی کرکٹراور بائیں بازو کے فاسٹ باولر ہیں جنہوں نے اپنی تیز رفتاری اور سوئنگ باؤلنگ سے دنیا بھر کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ 13 اپریل 1992 کو پنجاب کے شہر گوجر خان میں پیدا ہونے والے عامر نے کم عمری میں ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دیا تھا اور جلد ہی انہیں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
کیریئر کا آغاز اور عروج:
عامر نے نومبر 2008 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف 17 سال کی عمر میں اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹیسٹ میچ کھیلا۔ اپنی شاندار باؤلنگ کی بدولت انہوں نے جلد ہی قومی ٹیم میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ 2010 میں انگلینڈ کے دورے میں ان کی کارکردگی عروج پر تھی اور انہوں نے کئی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ وہ سب سے کم عمر 50 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
میچ فکسنگ سکینڈل اور سزا:
اگست 2010 میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران محمد عامر، محمد آصف اور کپتان سلمان بٹ سپاٹ فکسنگ کے جرم میں ملوث پائے گئے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر نو بالز کیں جس کے لیے انہیں سٹے بازوں سے پیسے ملے تھے۔ اس سکینڈل کے نتیجے میں آئی سی سی نے عامر پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی اور انہیں جیل بھی جانا پڑا۔ اس واقعے نے ان کے ابھرتے ہوئے کیریئر کو گہرا دھچکا پہنچایا۔
واپسی اور دوسرا مرحلہ:
پانچ سال کی پابندی کے بعد محمد عامر نے 2015 میں ڈومیسٹک کرکٹ سے واپسی کی اور جلد ہی انہیں قومی ٹیم میں بھی شامل کر لیا گیا۔ ان کی واپسی پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے لیکن انہوں نے اپنی باؤلنگ سے ناقدین کو خاموش کروا دیا۔ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ان کی کارکردگی شاندار رہی اور فائنل میں انہوں نے بھارت کے خلاف اہم وکٹیں لے کر پاکستان کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تاہم، عامر اپنی اس فارم کو برقرار نہ رکھ سکے اور انجریز اور دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا رہا۔ انہوں نے 2020 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور بعد میں محدود اوورز کی کرکٹ سے بھی کنارہ کشی اختیار کر لی۔
مارچ 2024 میں محمد عامر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیامگر وہ قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ آجکل وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے پی ایس ایل کھیل رہےہیں اور اسکے علاوہ سپورٹس چینل پر تجزیہ کار کے طور پر کام بھی کرتے ہیں۔
محمد عامر کا کرکٹ کیئریر
کرکٹر محمد عامر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں کل 129 میچ کھیلے اور 271 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے میچوں اور وکٹوں کی تفصیل ذیل میں ہے:
- ٹیسٹ: 36 میچ، 119 وکٹیں
- ایک روزہ بین الاقوامی (ODI): 61 میچ، 81 وکٹیں
- ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی (T20I): 32 میچ، 71 وکٹیں
محمد عامر کی شادی
محمد عامر کی شادی لندن میں مقیم برطانوی پاکستانی نژاد نرجس خان سے ہوئی۔ ان کی پہلی ملاقات 2010 میں اس وقت ہوئی جب عامر سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھے۔ نرجس نے اس مشکل وقت میں عامر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہو گیا۔
عامر اور نرجس نے ستمبر 2016 میں ایک سادہ نکاح کی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ یہ تقریب نرجس کے آبائی شہر لندن میں منعقد ہوئی جس میں قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ محمد عامر اور نرجس خان کی تین بیٹیاں منسا،زویا اور آئرہ ہیں۔
0 Comments